عید ولادت باسعادت امام زمانہؐ دنیائے اسلام کے ساتھ ساتھ ضلع کرگل میں بھی بطور روز مستضعفین جہان، مذہبی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا گیا

عید ولادت باسعادت امام زمانہؐ دنیائے اسلام کے ساتھ ساتھ ضلع کرگل میں بھی بطور روز مستضعفین جہان، مذہبی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں شب چودہ شعبان المعظم کو تمام دینی عمارات ، مساجد اور امام بارگاہوں اور تمام مسلمانوں کے مکانوں کے علاوہ بستی کے نواحی چوٹیوں پر چراغانی کی گئی۔ قریہ قریہ اور ضلع کے طول عرض میں مساجد اور امام بارگاہوں میں میلاد منجی بشریت امام مہدی عج کے پر رونق محافل منعقد ہوئے۔ ۱۵ شعبان بمطابق 2مئی کو شہر کرگل میں و اقع حسینی پارک میں امام خمینیؐ میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی جسکی صدارت چیرمین امام خمینی میموریل ٹرسٹ حجتہ الاسلام شیخ محمدمحقق نے کی۔ تقریب سے پہلے جامع مسجد کرگل سے ایک عظیم شان جلوس بنام جلوس حمایت از مستضعفین جہاں نکالاگیا۔ جو مین بازار سے ہوتے ہوئے خمینی چوک سے حسینی پارک میں داخل ہوئے ۔ جہاں محفل میلاد باضابطہ طور منعقد ہوئی جسمیں ہزاروں عقیدت مند شامل ہوئے جو نعت اور منقبت کے ساتھ مذہبی شعار اور نعرے بلند کر رہے تھے۔
حسینی پارک میں جشن میلاد10 بجے حجتہ الاسلام شیخ محمد ابراہیم کریمی کی تلاوت قرآن سے شروع ہوا۔ اپنے خطاب میں مقرر حجۃ الاسلام شیخ محمد عیسیٰ حافظی نے فلسفہ انتظار پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ اسی طرح سید کاظم صابری الموسوی نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ نظام ولایت فقیہ ولایت مہدی کا پیش خیمہ ہے تو لہذا اس دور کے سبھی مومنین کو چاہئے کہ ولایت فقیہ کے پرچم تلے یک جٹ ہوکر زمانے کے یزیدیت سے مقابلہ کریں۔اس امر عظیم کے لئے معرفت لازم ہے۔ آج جتنے بھی لوگ ولایت فقیہ کے نظام یا ولی الامر المسلمین جہاں کے خلاف زبان درازی کرتے ہیں تو معرفت نہ ہونے کی بنا پر ہے ورنہ اس قدر گستاخی نہ کرتے۔ اسکے بعد الحاج اصغر علی کربلائیMLA کرگل و سینیر ممبر نگراں کونسلIKMT نے اپنے خطاب میں معرفت حجت خدا اور ولایت کی پہچان کو ایک منتظر امام کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے محبان حضرت مہدی کو انکے ظہور کیلئے زمینہ فراہم کرنے کی طرف عملی اقدام اٹھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسانہ ہو کہ صدر اسلام میں جس طرح لوگوں نے امام علی علیہ السلام سے بیعت کی اور پانچ سال کے مختصر عرصے میں ہی روگرداں ہوئے تھے ہم آج امام وقت اور انکے نائب برحق مقام معظم رہبری سے تجدید بیعت کے لئے آئے تو ہیں لیکن ضرورت پڑنے پر انکی مدد سے گریزاں ہو۔ دوران محفل نماز ظہرین با جماعت اداکی گئی اور نماز کے بعد مجلس جاری رہا اور نعت خوان اصغر سامی نے امام زمانہ کے تیں منظوم نذرانہ عقیدت کو بہترین ترنم میں سنایا جس پر مجلس جھوم اٹھی۔ ناصردین خفی نے پرگی زبان میں امام زمانہ کو بہترین خراج عقیدت پیش کئے۔ اپنے صدارتی خطبے میں حجتہ الاسلام شیخ محمدمحقق نے فلسفہ مہدویت و ولایت پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ اس سال جشن کی سجاوٹ و تبرکات کی ذمہ داری پشکم ، لوچم و شرگول بلاکوں کے مومنین کے تعاون سے پورا کیا اوراس محفل کی نضامت شعلہ بیاں خطیب مولانہ غلام عباس کراری کررہے تھے۔
یوم مستضعفین جہان کے مناسبت سے بسیج زینبیہ شعبہ خواتین امام خمینی میموریل ٹرسٹ کی طرف سے اس روز شہر کرگل کے انڈور سٹیڈیم ہال میں خواتین کے لئے مخصوص جشن محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جسمیں خانم طاہرہ ذاکری، خانم خانم فیاضی، خانم عزیزہ ، خانم زہرا مہدی اور خانم فاطمہ جلیلی نے فلسفہ ولایت کے موضوعات پر تقاریر کی۔خانم طاہرہ اکبری، خانم صغرا حیدری و بانوناصری نے منظوم خراج عقیدت پیش کی۔ مجلس کی صدارت خانم حمیدہ فیاض مدیر جامعۃ الزہرا نے کی اور نظامت کے فرائض حاجیہ بتول رجائی نے انجام دی۔

جنرل سیکریٹری